بھارتی اشتعال انگیزی جاری، 2 پاکستانی خواتین شہری شہید، 6 زخمی
ھارت فوج سرحدوں پر گھناؤنے فعل سے باز نہ آیا، سفاک دشمن نے سیز فائر معاہدے کی دھجیاں بکھیر دیں، آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر وادی لیپا کے نوکوٹ اور قیصر کوٹ گاؤں پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی۔
بھارتی فوج کی اشتعال انگیز کارروائی کے نتیجے میں دو پاکستانی خواتین شہری شہید جبکہ چھ زخمی ہو گئے، شہدا میں سمیرا یونس اورمریم شامل ہیں جو نوکوٹ کی رہائشی تھیں، زخمیوں میں محمد شکیل، انور بیگ، منیر احمد، زیشان، رفیق احمد، اور نصرین شامل ہیں، زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاک فوج کے جوانوں نے دشمن فوج کی اشتعال انگیزی کا بھرپور انداز سے جواب دیا، جوانوں کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں چار بھارتی چوکیوں کو بھاری نقصان پہنچایا جس کے بعد بھارتی بندوقیں خاموش ہوگئیں۔