پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، دشمن حملے کے لیے کوئی بھی روپ اختیار کرسکتا ہے : وزیرداخلہ

پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، دشمن حملے کے لیے کوئی بھی روپ اختیار کرسکتا ہے : وزیرداخلہ

وفاقی وزیرداخلہ بھی پاکستان میں بھارتی دہشتگردی پر برس پڑے۔ ٹیکسلا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، دشمن حملے کے لیے کوئی بھی روپ اختیار کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضروری نہیں کہ دشمن سرحد پر گولہ باری یا پیش قدمی کرے، بھارت سامنے سے مقابلہ نہیں کرے گا، چھپ کر وار کرے گا۔ ہمیں ملک کے گلی گلی کوچے کوچے میں متحرک ہونا ہوگا۔ چودھری نثار نے کہا کہ بھارت کے خلاف پوری قوم اور سیاسی قیادت متحد ہے، کسی نے ملک کی جانب میلی آنکھ سے دیکھا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کی حالیہ تقاریر سے سب کچھ عیاں ہوگیا، نریندر مودی کے پاکستان مخالف انتہا پسندی پر مبنی بیانات کا اقوام متحدہ سمیت دیگرممالک کو نوٹس لینا چاہیئے۔ مودی نے جس طرح کی زبان استعمال کی، آج تک کسی ملک کے سربراہ کو اس طرح کی زبان استعمال کرتے نہیں دیکھا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم ڈھا رہا ہے۔ چین، سعودی عرب، ترکی اور دیگر ممالک سے رابطہ کرکے مسئلہ کشمیر کو اٹھایا جائے گا۔ پاکستان پر پانی کی بندش سے متعلق سوال پر چودھری نثار نے کہا کہ یہ کام اتنا آسان نہیں ہوگا کیوں کہ دنیا کے بھی کچھ قانون اور ضابطے ہیں، بھارت کی تو بہت ساری خواہشات ہیں لیکن ضروری نہیں وہ جیسا چاہے ویسا ہی ہو۔

Most Popular