پاکستان نے امریکہ کی جانب سے بھارت کومسلح ڈرونز فراہم کرنے کی مخالفت کردی
ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا نے ہفتہ واربریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی جانب سے بھارت کومسلح ڈرونزکی فراہمی سے خطے میں طاقت کا توازن بگڑے گا۔بھارت کوحساس ملٹری ٹیکنالوجی فراہم کرنا اسے ایڈونچرپراکسانا ہے،عالمی طاقتوں کوایسے معاہدوں سے قبل اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہیے،بھارت کوکسی بھی ٹیکنالوجی کی فراہمی کیلئے عالمی معاہدوں اور ضابطوں کو مد نظررکھا جائے. نفیس زکریا نے کہا کہ امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹیلرسن کے سامنے بھارت کی پاکستان میں تخریب کاری، مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھایا گیا،امریکا نے پاکستان کے مشرقی اورمغربی بارڈر پر صورتحال کا ادراک کیا. ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت دہشتگرد تنظیموں کی معاونت کرتا ہے،یونیسکو کو بھارت کی جانب سے تاریخی ورثوں اورشخصیات کو نشانہ بنانے کی تیاریوں کا نوٹس لینا چاہیے