میرے دل میں بھی غصہ ہے، اگر میں کہوں کہ نہیں ہے تو یہ منافقت ہے۔ نواز شریف
کنونشن سینٹر اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف نے راستہ روکنے کے لئے کالا قانون بنایا،آج ایک آمرکا قانون اس کے منہ پر مار دیاجس پر سیاسی جماعتوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ جو قومیں پرانی روش پر اڑی رہتی ہیں،وقت ان کا انتظار کیے بغیرآگے نکل جاتا ہے۔باربارسیاست سے بیدخل کرنے کی کوشش ہوئی لیکن عوام مجھے داخل کرتے رہے، نواز شریف نے کہا کہ کوئی لالچ، ذاتی مفاد اور کسی قسم کا کوئی غلط کام نہیں کیا، نااہل کرنا ہی تھا تو صاف صاف بتا دیا جاتا کہ نوازشریف کےخلاف کوئی کرپشن اور بد عنوانی سامنے نہیں آئی، صرف اقامہ ملا جس کی بنیاد پر نااہل کر رہے ہیں۔ اس بات کی تحقیق کرلی جائے کہ وزارت عظمی کی تنخواہ بھی میں لیتا ہوں یا نہیں شاید کوئی اور فرد جرم بھی ان کو مل جائے نوازشریف نےکہاکہ ملک میں آمروں کےحلف اٹھانے والے صادق بھی رہے اورامین بھی،کاش کوئی نظریہ ضرورت عوام کےحق حکمرانیت اورووٹ کی حرمت کے لئے بھی ایجاد کرلیا جاتا۔ اپنے آپ کو سنبھالنے اور حالات بدلنے کی کوشش نہ کی تو پاکستان ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گا سابق وزیراعظم کاکہنا تھاکہ یہ کھیل تماشاستر برسوں سے ہوتا چلا آرہا ہے اور ہو رہا ہے، ہمیں غور کرنا چاہیے کہ کیا اسباب تھے جس سے ہم دولخت ہوگئے۔