کشمیر کے مسئلے پر عالمی ادارے خاموش ہیں۔ کشمیری بھائیوں کیلئے آواز بلند کررہے ہیں۔
اسلام آباد میں انسانی حقوق کے عالمی دن پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سے صدر آزاد کشمیرسردار مسعود خان نے خطاب کیا۔ انکا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا حل آزاد کشمیر حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین ترین پامالی ہو رہی ہے۔ کشمیر کے مسئلے پر کوئی عالمی ادارہ آواز نہیں اٹھا رہا۔ اقوام متحدہ کی طرف سے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کچھ نہیں کیا گیا۔ انکا کہنا تھا کہ پورا کشمیر محصور ہے، مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی ڈاکومینٹشن کر رہے ہیں۔ کشمیری بھائیوں کیلئے آواز بلند کرنا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب بدلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ مسلح غنڈے وہاں کے باسیوں کے ریاست چھوڑنے کی دھمکیاں دیتے ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں کیمائی ہتھیاروں کا استعمال کیا جارہا ہے۔ سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر بھی بھارتی افواج کے ظلم وستم سے محفوظ نہیں ۔ بھارتی فورسز کی طرف سے آئے روز شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔