وزیراعلیٰ اورگورنر سندھ کی مزار قائد پر کابینہ کے اراکین کے ہمراہ حاضری
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گورنر سندھ محمد زبیر کے ہمراہ ا قائداعظم کی 69ویں برسی کے موقعے پر مزار قائد پر کابینہ کے اراکین کے ہمراہ حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقعے پر وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا، صوبائی وزرائسہیل انور سیال، میر ہزار خان بجارانی،مکیش کمار چاؤلہ، جام مہتاب حسین ڈہر، سکندر میندھرو، امداد پتافی، محمد بخش مہر، ممتاز جکھرانی اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بابائے قوم نے اس ملک کو ایک طویل جدوجہد کے بعد حاصل کیا ، قائد نے جمہوری پاکستان کا سوچا تھا جہاں ہر مذہب کے لوگ امن کی زندگی بسر کرتے ہوئے رزق حلال کماسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم قائداعظم کے زریں اصولوں پر کاربند رہیں گے۔ میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آئی جی سندھ کے ساتھ کوئی تنازعہ نہیں، عدالت نے فیصلہ دیا ہے اور جو فیصلہ ہوا ہے اس کے حساب سے چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور بیوروکریسی میں کوئی تنازعہ نہیں ہے، انتظامی امور میں مسائل ہوتے رہتے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ نے مہمانوں کی کتاب پر اپنے تاثرات قلمبند کرتے ہوئے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو زبردست طریقے سے خراج عقیدت پیش کیا۔