پرنٹ میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کے حوالے سے خبر بے بنیاد ہے:وزیر مملکت مریم اورنگزیب
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے باہر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے وزیرمملکت مریم اورنگزیب کاکہناتھا کہ پریس کونسل پاکستان اور آرڈیننس سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں۔کسی قانون سازی کے لیے وزارت قانون سے اجازت لینا پڑتی ہے،پرنٹ میڈیا کو ریگولیٹ کرنےکے حوالے سےجعلی خط جاری ہوئے جو مجھ سے منسوب کیے گئے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزارت اطلاعات کی ہدایت پر کوئی بھی قانون نہیں بنایا جا رہا،معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی بنادی گئی ہے جو رپورٹ تین روز میں جاری کرے گی جس کو عوام کے سامنے لایا جائے گا. وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ متعلقہ ڈائریکٹر کو او ایس ڈی اور متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹرکو معطل کر دیا،میڈیا اورصحافیوں کو سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے،جبکہ اطلاعات تک رسائی کا بل ہماری حکومت نے منظور کرایا۔