70 سالوں سے بجٹ میں صرف خوشحال لوگوں کو ریلیف دیا جاتا ہے۔ سینیٹر سراج الحق

70 سالوں سے بجٹ میں صرف خوشحال لوگوں کو ریلیف دیا جاتا ہے۔ سینیٹر سراج الحق

جماعت اسلامی پاکستان کے امیرسینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے اور یہ ایوان اوراداروں دونوں میں سرایت کر چکا ہے، 70 سالوں سے بجٹ میں صرف خوشحال لوگوں کو ریلیف دیا جاتا ہے۔ غریبوں کے لئے کچھ نہیں ہوتا۔ ملازمین کے لئے پارلیمان میں آواز اور سڑکوں پر احتجاج کرینگے،غریب کے لیے کہیں کوئی جگہ نہیں۔ جس کے پاس کروڑوں روپے ہوں وہی قومی اسمبلی کا ممبر بن سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اسلام آباد میں این سی ایچ ڈی کے احتجاجی ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ میں یہاں ملازمین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے آیا ہوں۔ جماعت اسلامی غریبوں کے ساتھ ہے اور ان کی آواز ہر جکہ بلند کرینگے جو ملازمین اپنے مطالبات کے لئے آئے ہیں ، حکمران ان کو اپنے اوپر بوجھ سمجھتے ہیں اور ان کے مطالبات ماننے کے بجائے پولیس کو تیار کر لیتے ہیں تاکہ مظاہرین کا مقابلہ کر سکیں۔ جماعت اسلامی ملازمین کے مطالبات حل ہونے تک آپ کے ساتھ ہو گی۔ بدقسمتی سے 70 سال میں ایک ہی کلاس کی حکومت ہے۔ 1947ء سے ایک ہی طبقہ اقتدار پر مسلط ہے۔ پارٹیاں مختلف تھی مگر ان کی ذہنیت ایک ہی ہے۔بجٹ میں ہر سال خوشحال لوگوں کے لئے ریلیف ہوتا ہے مگر غریبوں کے لئے کوئی ریلیف نہیں دیا جاتا۔ کم سے کم تنخواہ 15 ہزار روپے پر بھی عمل نہیں ہوتا۔ اسحاق ڈار 15 ہزار میں ایک گھر کا بجٹ بنا کر دکھائیں جس طرح آج غریب دھوپ میں اپنے مطالبات کے لئے کھڑے ہیں اگر حکمران پانچ منٹ بھی یہاں کھڑے ہو گئے تو تمام مطالبات مان لیں گے۔ بڑوں کے کتے پاکستان میں مکھن کھاتے ہیں اور غریب کو دو وقت کی روٹی بھی میسر نہیں۔ ایوانوں کے دروازے غریبوں کے لئے بند کر دیئے گئے ہیں۔ غریب کے لیے کہیں کوئی جگہ نہیں۔ جس کے پاس کروڑوں روپے ہوں وہی قومی اسمبلی کا ممبر بن سکتا ہے۔ ملازمین کے مطالبات کی قیمت اتنی بھی نہیں کہ اس سے لندن کا ایک فلیٹ لیا جا سکے۔ مگر اس کے باوجود مطالبات تسلیم نہیں کئے جا رہے۔ مجھے موجودہ حکمرانوں سے کوئی توقع نہیں کہ وہ ملازمین کے مسائل حل کریں کیونکہ انسان کے بنائے ہوئے نظام میں موت تو مل سکتی ہے مگر مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ مسائل صرف اللہ کے نظام سے ہی حل ہوں گے۔ اللہ کا نظام انصاف کا نظام ہے۔ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے اور یہ ایوان اوراداروں دونوں میں سرایت کر چکا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ کرپشن میں جو بھی ملوث ہے اس کا احتساب ہو۔ ملک کی ترقی اور کرپشن ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ احتساب ہو اور سب کا احتساب ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک جسم کی مانند ہے اور جمہوریت اس کی جان ہے۔ اگر جمہوریت پاکستان سے نکالیں گے تو ہم اس کے خلاف بھرپور مزاحمت کریں گے۔ سراج الحق نے کہا کہ مزدوروں کے حقوق کے لئے چوکوں چوراہوں پر احتجاج اور پارلیمان میں بھرپور بلند کریں گے۔

Most Popular