وطن سے اندھیرے مٹائے لیکن ملک اب پھر بدحالی کی طرف بڑھنا شروع ہو گیا, سابق وزیراعظم نوازشریف
لندن میں مسلم لیگ نون کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ ہم نے لوڈشیڈنگ کو ختم کیا، پاکستان کے اندر اب بجلی آگئی ہے۔ آج کل بجلی طلب سے بھی زیادہ ہے۔ تاہم ملک اب بدحالی کی طرف بڑھنا شروع ہوگیا ہے۔بظاہر اٹھائیس جولائی کے فیصلے کے بارے میں بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ اس طرح کے فیصلے قوموں کے لیے انتشار کا باعث بنتے ہیں۔ دہشت گردی پر بھی کافی حد تک قابو پالیا گیا تھا مگر اب اس نے پھر سر اٹھالیا ہے۔ سی پیک کے منصوبے بھی اب سستی کا شکار ہو گئے ہیں، منصوبے اب پہلے کی طرح تیزی سے آگے نہیں بڑھ رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسٹاک ایکسچینج بھی اب نیچے آگیا، ہمارے زمانے میں چڑھتا تھا اور آگے بڑھتا تھا۔ نوازشریف کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کے غیرمستحکم ہونے کے اثرات لازمی طور پر پڑتے ہیں اور یقیناً یہ صورت حال افسوسناک ہے