لکھی ہوئی تقریر سے وزیر اعظم قوم کو الجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ عزیز الرحمن چن

لکھی ہوئی تقریر سے وزیر اعظم قوم کو الجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ عزیز الرحمن چن

پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے صدر عزیز الرحمن چن نے کہا ہے کہ پہلے سے لکھی ہوئی تقریر سے وزیر اعظم قوم کو الجھانے کی کوشش کر رہے ہیں شریف خاندان منی ٹریل پیش کرنے سے گریزاں ہے۔ 1972 سے احتساب کا کہنے والوں کے اثاثوں میں اضافہ کیسے ہو گیا شریف خاندان نیشنلائزیشن ہونے والے اثاثوں کو معاوضے سمیت حاصل کر چکا ہے۔ پانامہ لیکس اگر کرپشن کا کیس نہیں ہے تو کریمنل تحقیقات کیوں ہو رہی ہیں اور شریف خاندان کو قطری خط کی ضرورت کیوں محسوس ہوئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم کی جے آئی ٹی کے سامنے پیشی کے بعد دیئے جانے والے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ شریف خاندان کا 20 کروڑ عوام کے سامنے پول کھل چکا ہے۔ وزیر اعظم اداروں کو دھمکیں اور خلاف بیان دینے والوں کی تعداد میں اضافہ کر کے اپنے آپ کو مظلوم ثابت نہیں کر سکتے۔ وزیر اعظم کو عوام کی عدالت سے بھی ناکامی کا سامنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگی حکومت نے عوام کے مسائل حل نہیں کئے انتخابات سے قبل کئے گئے ایک بھی وعدے پر عمل درآمد نہیں ہو سکا سب سے بڑا مسئلہ انرجی بحران پہلے سے زیادہ شدت اختیار کر چکا ہے عام آدمی کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں۔ صحت اور تعلیم کے شعبے کی زبوں حالی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ قومی ادارے اور معیشت تباہی کے دھانے تک پہنچ چکے ہیں ایسے حالات میں وزیر اعظم عوام کی عدالت میں آئیں گے تو سوائے مایوسی کے کچھ نہیں ملے گا وزیر اعظم اداروں کو دھمکیاں لگانے کی بجائے اُن کے فیصلے کو قبول کرنے کی تیاری کریں۔

Most Popular