اتحاد اور اتفاق سے کام نہ لیا تو آئندہ نسلیں معاف نہیں کریں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملتان پریس کلب کے وفد نے ملاقات کی، ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی اور خوشحالی ہمیشہ ان کی ترجیح رہی ہے، جنوبی پنجاب کو وسطی پنجاب کے ہم پلہ لانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ وزیراعلی پنجاب نے ایک بار پھر سیاسی مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیا، بولے کہ ستر برس میں ملک نے بڑے ہچکولے کھائے، بے بنیاد الزام تراشیوں اور ایک دوسرے کو چور، ڈاکو کہہ کر معاشرے کو کھوکھلا کیا جا رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ آپ نوجوانوں کے ذہنوں میں زہر گھول رہے ہیں،، سیاسی مخالفین نے جھوٹ بولے اور بے بنیاد الزامات لگائے، چور، ڈاکو تو ان کے دائیں بائیں کھڑے ہیں، جب انہیں عدالتوں میں لے کر گئے تو وہ عدالتوں سے بھی بھاگتے ہیں، الزام تراشیاں اور جھوٹ بولنے والوں کو اپنی منفی سیاست ترک کر دینی چاہیئے، یہ لیڈر شپ کا کردار نہیں، معاشرے میں جو خرابیاں پیدا ہو چکی ہیں، انہیں مل کر دور کرنا ہے، وقت آ گیا ہے کہ وہ فیصلے کئے جائیں کہ پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا ہوں اور کشکول کو توڑ دیا جائے، ہم سب کو ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہے۔۔۔اتحاد اور اتفاق سے کام نہ لیا تو آئندہ نسلیں معاف نہیں کریں گی۔۔۔انہوں نے ملتان پریس کلب کیلئے بیس لاکھ روپے سالانہ گرانٹ اور صحافی کالونی میں ترقیاتی کاموں اور دیگر امور کے لئے 53 ملین روپے اور 96 ملین روپے علیحدہ علیحدہ گرانٹ کا اعلان کیا۔ انہوں نے ملتان میں جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کا سب آفس قائم کرنے کا بھی اعلان کیا.