عوام کو اب الیکشن کمیشن پر اعتماد نہیں رہا۔ عمران خان
چیئرمین پی ٹی آئی نے بلوچستان کے ضمنی الیکشن میں ہونے والی دھاندلی کے مناظر کو شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اس طرح کی دھاندلی پر کوئی ایکشن نہیں لیا، اب عوام کو الیکشن کمیشن پر اعتما د نہیں رہا۔پیر کوسوشل میڈیا پر جاری پیغام میں پی ٹی آئی چیئرمین نے ایک وڈیو پوسٹ کی ہے، جس میں گزشتہ روز نوشکی میں ہونے والے این اے ۔260 کے ضمنی انتخابات میں دھاندلی کے مناظر شامل ہیں۔اس موقع پر عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اس طرح کی دھاندلی پر کوئی ایکشن نہیں لیا،لہذا عوام کو اب الیکشن کمیشن پر اعتما د نہیں رہا ، بلوچستان کے عوام2013سے دھاندلی ہوتے دیکھ رہے ہیں لیکن الیکشن کمیشن کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں لیا جاتا ۔واضح رہے کہ این اے 260کے ضمنی الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی دھاندلی کی شکایات چیف الیکشن کمشنر بلوچستان کو دی تھی مگر انہوں نے اس کو مسترد کرتے ہوئے شفاف انتخابات کا بیان دیا تھا جس کے خلاف پی پی پی نے گزشتہ روز مظاہرہ بھی کیا تھا، مظاہرے کرنے پر پی پی پی کے 10 سے زائد کارکنان کو گرفتار کرلیا تھا۔