پی ٹی آئی کی طارق فاطمی سے متعلق غلط ٹویٹ پر معذرت

پی ٹی آئی  کی طارق فاطمی سے متعلق غلط ٹویٹ پر معذرت

پاکستان تحریک انصاف نے طارق فاطمی سے متعلق غلط ٹویٹ کرنے پر معذرت کر لی۔بدھ کواسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کا کہنا تھا کہ طارق فاطمی سے متعلق ٹویٹ غلط فہمی کی بنا پر ہوئی جس پر تحریک انصاف معذرت کرتی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے سوشل میڈیا پر طارق فاطمی کی ایک تصویر پوسٹ کی تھی جس میں طارق فاطمی کو بھی چین میں گئے پاکستانی وفد کے ہمراہ دکھایا گیا تھا۔اسی ٹویٹ کو بنیاد بنا کر تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی میں دھواں دھار تقریر بھی کردی اور حکومت پر سنگین الزامات بھی عائد کر دیئے جب کہ نعیم الحق نے بھی پریس کانفرنس کر کے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔بعد ازاں اس بات کی تصدیق ہوئی کہ وہ تصویر جعلی تھی جس پر شیریں مزاری نے سوشل میڈیا سے ٹویٹ ہٹا لی۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ تحریک انصاف کا کام ہی جھوٹ بولنا اور ملک میں انتشار پھیلانا ہے۔

Most Popular