ستر سال سے کوئی راہزن انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا گیا,پاناما کے ڈرامے میں انمول ہیرے تلاش کیے گئے۔ مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف
ایبٹ آباد کے کالج گراؤنڈ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے ایک بار پھر پاناما فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔۔ انہوں نے کہا کہ نظرثانی اپیل کے عدالتی فیصلے میں سوال اٹھایا گیا کہ قافلے کیوں لٹتے رہے، ہمیں معلوم ہے اور اس قوم کو بھی معلوم ہے کہ آپ نے کبھی راہزنوں سے کوئی گلہ نہیں کیا، آپ نے تو 70 سال میں کسی راہزن سے سوال تک نہ کیا اور کسی راہزن کو کٹہرے میں بھی نہیں لائے۔ نواز شریف نے کہا کہ پرویز مشرف کو کٹہرے میں بھی نہیں لایا گیا، کوئی سوال تک نہ پوچھا گیا بلکہ ان کے ہاتھ پر بیعت کی گئی، آئین سے وفاداری کا حلف لے کر پی سی او کے حلف لیے گئے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ آئین اسی وجہ سے بے توقیر ہوتا رہا، قافلے اس لیے لٹتے رہے اور جمہوریت بار بار پٹری سے اترتی رہی، منتخب نمائندوں کے ساتھ کیا ہوتا رہا اور آئین لوٹنے والوں کے ساتھ کیا ہوا، ان سوالات کے جواب جج ہی دے سکتے ہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ آج عوام کی عدالت میں اپیل دائر کرنے آیا ہوں اور عوام نظرثانی اپیل کا فیصلہ دیں گے، ایسا فیصلہ جس کی گونج دور دور تک سنائی دے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نہ جیل سے ڈرتا ہے اور نہ موت سے ۔۔ اگر عوام نواز شریف کا ساتھ دیں تو سب کچھ بدل دیں گے اور یہ سب کچھ بدلنا ہوگا، یہ ناانصافی، جھوٹے پیمانے بدلنے ہوں گے۔ نواز شریف نے کہا کہ پاناما کا ڈرامہ رچایا گیا، جس پٹیشن کو فضول کہہ کر خارج کیا گیا وہ بعد میں مقدس ہوگئی، میرے خاندان کو کٹہرے میں کھڑا کیا گیا، واٹس ایپ کا تماشا لگا، پھر کچھ انمول ہیرے تلاش کیے گئے۔ جے آئی ٹی بنائی گئی جس کے سامنے مجھ سمیت میرے صاحبزادے اور بیٹی بھی پیش ہوئی، لیکن سب کچھ کرنے کے باوجود نواز شریف کے خلاف ایک پائی کی کرپشن سامنے نہ آسکی۔ انہوں نے کہا کہ جب ساری کوششیں ناکام ہوگئیں تو کہا گیا کہ نواز شریف نے اپنے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی اس وجہ سے نااہل قرار دیے جاتے ہیں۔ عمران خان اور خیبرپختونخوا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ شعبدہ باز کہتے تھے ہم نوے دنوں میں کرپشن کا خاتمہ کردیں گے، اربوں درخت لگانے کا کہنے والے اربوں روپے کھا گئے لیکن ایک یونٹ بجلی بھی پیدا نہیں کی۔ ہم اس خطے کی ترقی کے کاموں میں مصروف تھے اور دھرنے دینے والوں نے اس ملک کی تباہی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔۔ سازشی عناصر اور کٹھ پتلیاں ضرور بے نقاب ہوں گے