الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے دیا
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں اکبر ایس بابر کی درخواست پر سماعت ہوئی، دوران سماعت درخواست گزار اکبر ایس بابر کے وکیل نے بتایا کہ حنیف عباسی کیس میں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں دیا، تحریک انصاف فنڈنگ سے متعلق تفصیلات نہ فراہم کرنے کا ہر طریقہ استعمال کررہی ہے، تحریک انصاف کے وکیل کا کہنا تھا کہ پارٹی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کا دائرہ سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کررکھا ہے، جس پر چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دئیے کہ اگر پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ الیکشن کمیشن سماعت نہ کرے تو ہائی کورٹ کا حکم امتناع پیش کیا جائے۔ یہ سپریم کورٹ طے کرے گی کہ الیکشن کمیشن کو پارٹی فنڈنگ کیس کی سماعت کا اختیار ہے یا نہیں، الیکشن کمشن نے تحریک انصاف کو پارٹی فنڈنگ کی تفصلات طلب کرتے ہوئے سماعت دس جولائی تک ملتوی کردی، الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف بیرون ملک پاکستانیوں سےپیسہ اینٹھ رہی ہے، عمران خان حیلوں بہانوں سےجواب داخل نہیں کررہے،اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ عمران خان سپریم کورٹ آتے ہیں، الیکشن کمیشن میں کیوں نہیں آتے، تحریک انصاف کےوکیل نے تاخیری حربےاستعمال کرنےکی کوشش کی ہے، تحریک انصاف میں حالیہ انٹراپارٹی الیکشن جعلی تھے،ہم تحریک انصاف کےمقاصدکےحصول کیلئےکوشش کرتےرہینگے۔