کراچی میں دنیا کا بہترین ٹارگٹڈ آپریشن کیاگیا۔ وزیراعلیٰ سندھ
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی آپریشن نیشنل ایکشن پلان کے تحت کیا گیا جو دنیا کا ایک بہترین ٹارگٹڈ آپریشن تھا۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے فارن سروس اکیڈمی کے29 رکنی وفد نے ملاقات کی جس دوران گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی آپریشن نیشنل ایکشن پلان کے تحت تیز اورٹارگٹڈ کیا، رینجرزکو خصوصی اختیارات دیئے اور انٹیلی جنس بنیادوں پرآپریشن شروع کیا جب کہ یہ دنیا کا بہترین ٹارگٹڈ آپریشن تھا جس میں کسی معصوم کا نقصان نہیں ہوا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پورے آپریشن میں ایک لاکھ 28 ہزار 208 مجرم گرفتار اور 1258 مارے گئے، ہم نے ڈاکوؤں اور دہشت گردوں کا مقابلہ کیا تاہم شہریوں کے تعاون کے بغیر یہ آپریشن کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا تھا۔مراد علی شاہ کا کہنا تھاکہ 1980 میں ڈاکو راج تھا اور بغیر پولیس قافلے کے سفر کرنا مشکل تھا، ہم نے گورننس بہتر کی ہے اور پولیس میں اصلاحات لے کر آئے، کراچی کی معیشت دوبارہ اپنی پٹڑی پر آگئی ہے، شہرمیں تعمیر نو ہورہی ہے جس سے سرمایہ کاری بڑھے گی۔وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ سندھ میں دہشت گرد بلوچستان کی سرحد سے آتے ہیں، سندھ اور پنجاب حکومت کے ساتھ بارڈرپرسیکیورٹی کا خصوصی بندوبست کیا ہے جب کہ جاری اقدامات سے امن وامان کو دیرپا اورمستقل بنائیں گے