آبروے صحافت ڈاکٹر مجید نظامی نے نظریہ پاکستان کے تحفظ کیلئے اہم کردار ادا کیا۔ شہبازشریف
وزیراعلیٰ پنجاب شریف نے آبروے صحافت ڈاکٹر مجید نظامی کی برسی پر پیغام میں کہا ہے کہ مجید نظامی ایک عہد ساز شخصیت تھے۔ ان کا کردار ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ مجید نظامی ایک نڈر، بیباک صحافی اورصحافت کے میدان میں اپنی مثال آپ تھے۔ وہ سچے انسان تھے اور بلا خوف اپنی بات کہنے کی قدرت رکھتے تھے۔ انکا کہنا تھا کہ مجید نظامی ملکی اور قومی معاملات میں کمال درجے کی بصیرت رکھتے تھے۔ مثبت اور نظریاتی صحافت کے فروغ میں ان کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ ڈاکٹر مجید نظامی نے نظریہ پاکستان کے تحفظ اور تحریک پاکستان کے کارکنوں کی فلاح وبہبود کیلئے اہم کردار ادا کیا۔ وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر مجید نظامی نے ملک میں جمہوریت کی سربلندی اورآئین کی بالادستی کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں ۔آج بھی ڈاکٹر مجید نظامی کی شفیق اور رہنما شخصیت کی کمی محسوس کرتا ہوں۔