ڈاکٹر عاصم نے نام ای سی ایل سے نکلوانے کیلئے دوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔
رہنما پیپلزپارٹی ڈاکٹر عاصم نے نام ای سی ایل سے نکلوانے کیلئے دوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔جمعرات کو دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ پہلے بھی عدالت کے حکم پر چیک اپ کیلئے نام ای سی ایل سے نکالا گیا،اورعدالتی حکم کے مطابق ایک ماہ کے اندر وطن واپس آ گیا تھا، درخواست میں کہا گیا ہے کہ 9نومبر کو دوبارہ چیک اپ کیلئے ولنگٹن جانا ہے اس لئے نام دوبارہ ای سی ایل میں شامل ہونے کا سن کر دھچکا لگا، درخواست کے مطابق وزارت داخلہ کو دو بار درخواست دی لیکن جواب نہیں ملا، انہوں نے موقف اپنایا ہے کہ نوازشریف اور اسحاق ڈار کیخلاف زیادہ سنگین نوعیت کے مقدمات چل رہے ہیں لیکن ان کے نام ای سی ایل میں شامل نہیں کیے گئے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین کو پیپلزپارٹی کا عہدیدار ہونے کی سزا دی جا رہی ہے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ بروقت علاج نہ ہوا تو ڈاکٹر عاصم اپاہج ہو جائیں گے، اس لیے استدعا ہے کہ عدالت ڈاکٹر عاصم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے۔