قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کیلئے پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم پاکستان ایک پیج پر آگئے
سیاست میں نہ کوئی کسی کا ہمیشہ دشمن ہوتا ہے اور نہ ہی دوست رہتا ہے، وقت کے ساتھ خیالات بھی بدل جاتے ہیں اور پرانے حریف حلیف بن جاتے ہیں، ایسا ہی ہوا کراچی میں جہاں شاہ محمود قریشی کی قیادت میں تحریک انصاف کا وفد ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز پہنچ گیا اور دونوں پارٹیوں کے رہنما گلے شکوے بھلاکر ایک دوسرے کے ساتھ بغل گیر ہوگئے. میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا خوشی ہے کہ ایم کیو ایم پہلی والی ایم کیو ایم نہیں رہی،، آنے والے دنوں میں بڑا فیصلہ ہونے والا ہے،، انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ محترم ہیں لیکن خدشہ ہے کہ نیا مک مکا نہ ہوجائے . ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ عوام کے مسائل پر صرف سیاست کی گئی، سندھ کے مسائل اور بلدیاتی اختیارات پر کبھی بات نہیں کی گئی،، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے مک مکا نے اگلے الیکشن کی شفافیت کو مشکوک بنادیا ہے اس موقع پر شاہ محمود قریشی کے ساتھ اسد عمر، حلیم عادل شیخ، عمران اسماعیل اور فردوس شمیم نقوی بھی موجود تھے جبکہ ایم کیو ایم کے عامرخان ، کنور نوید جمیل ، خالد مقبول صدیقی اور میئر کراچی وسیم اختر بھی شریک تھے