عمران فاروق قتل کیس: ایم کیو ایم لندن کے 3 رہنمائوں کے ریڈ وارنٹ جاری
عمران فاروق قتل کیس میں وزارت داخلہ نے ایم کیو ایم لندن کے 3رہنمائوں کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی۔ ایم کیوایم لندن کے تینوں رہنمائوں انور حسین، افتخار حسین اور کاشف خان کامران کے ریڈوارنٹ جاری کئے جائیں گے، ایف آئی اے کے درخواست پر وزارت داخلہ نے ریڈ وارنٹ کے اجرا کی منظوری دی۔ ریڈ وارنٹ جاری ہونے کے بعد ایف آئی اے فرانس میں انٹر پول ہیڈ کوارٹر سے رابطہ کر کے تینوں ملزمان کو گرفتار کر کے پاکستان واپس لائے گا۔خیال رہے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں گزشتہ سماعت پر ایف آئی کی جانب سے عمران فاروق قتل کیس کا چالان جمع نہ کرائے جانے کے باعث ملزمان پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔ جس پرعدالت نے ناراضی کا اظہار کیا اور ایف آئی اے کو آئندہ سماعت تک مکمل چالان جمع کرانے کا حکم دیا۔ گرفتار تینوں ملزمان خالد شمیم، محسن علی اور معظم علی کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی توسیع کی گئی۔یاد رہے متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما عمران فاروق کو ستمبر 2010 میں گرین لین کے علاقے میں اس وقت قتل کیا گیا تھا جب وہ کام سے گھر کی طرف آ رہے تھے۔