کراچی کے حلقہ پی ایس ایک سو چودہ میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ
کراچی کے حلقہ پی ایس ایک سو چودہ میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ جاری ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے رینجرز کے دو ہزار جبکہ پولیس کے بارہ سو سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ پی ایس ایک سو چودہ کی سیکیورٹی کے لئے رینجرز کے مختلف ونگز سے نفری بھی طلب کی گئی ہے۔ حلقے میں بانوے پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔ بتیس پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے جبکہ ساٹھ کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
رینجرز اہلکار پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر تعینات کئے گئے ہیںاعظم بستی اورمنظور کالونی میں انتہائی حساس مقامات پر رینجرز صبح سے ہی تعینات ہے۔ رینجرز کےاہلکار موٹرسائیکلوں پر بھی علاقے میں گشت کر رہے ہیں۔ پولنگ اسٹیشن کے باہر دفعہ ایک سو چوالیس کے تحت پانچ سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہے۔ پولنگ اسٹیشن کے باہر موبائل فونز کے استعمال اور اسلحہ کی نمائش پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے