کراچی پولیس نے 50 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 50سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ باغ کورنگی میں سی ٹی ڈی سے مقابلہ کے دوران سیاسی جماعت کا ٹارگٹ کلر مارا گیا۔ ایس ایس پی سی ٹی ڈی منیر شیخ کے مطابق کراچی کے علاقہ باغ کورنگی میں مقابلہ کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جو ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا مقابلہ کے دوران ملزم کا ساتھی فرار ہو گیا ۔منیر شیخ کے مطابق ملزم کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے منگھو پیر سلطان آباد میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا ایس پی اورنگی عابد علی بلوچ کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران 5ملزمان سمیت 20مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضہ سے اسلحہ و منشیات برآمد کر لی گئی ۔سعود آباد میں پولیس نے کارروائی کے بعد 3 اسٹریٹ کریمنلز کو گرفتار کر کے اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی جبکہ نارتھ ناظم آباد بلاک ایل میں پولیس نے شیشہ کیفے پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں شیشہ برآمد کر کے شیشہ بار کے مالک سمیت 28 افراد کو حراست میں لے لیا۔