بہاولپورمیں پولیو سے بچاؤ کی سہ روزہ قومی مہم کا آغاز

بہاولپورمیں پولیو سے بچاؤ کی سہ روزہ قومی مہم کا آغاز

صوبائی وزیر کو آپریٹو ملک محمد اقباک چنڑ نے آج پولیو انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہاولپور میں پولیو سے بچاؤ کی سہ روزہ قومی مہم کا آغاز 18 ستمبر سے شروع ہوگا ۔ اس دوران ضلع بھر میں پانچ سال تک کی عمر کے 6لاکھ سے زائد بچوں کو گھر گھر جا کر پولیو سے محفوظ رکھنے کے لئے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس سلسلہ میں تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران ایک بچہ بھی پولیو سے بچاؤ ویکسین سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ چولستان، دریائی علاقے اور دیگر دور دراز علاقوں میں محکمہ صحت کی ٹیمیں وقت سے قبل روانہ کر دی جائیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہیلتھ ٹیموں کو باقاعدہ بریفنگ کے بعد روانہ کیا جائے تاکہ مطلوبہ ہدف بہتر انداز میں حاصل ہو سکے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پولیو کے خاتمہ کی قومی مہم کے دوران 1401ٹیمیں کام کریں گی جن میں سے 1103 موبائل ٹیمیں، 157 فکسڈ ٹیمیں، بی وی ایچ، ٹی ایچ کیو، آر ایچ سی اور دیگر مراکز میں فعال ہوں گی۔ اسی طرح 123ٹیمیں بس سٹینڈ، ریلوے سٹیشن، ٹول پلازہ پر اور 18ٹیمیں بازاروں میں والدین کے ہمراہ آئے ہوئے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی۔ پولیو کے خاتمہ کی مہم میں 275 ایریا انچارج ، 122 یونین کونسل مانیٹرنگ آفیسر اور 6 تحصیل سپروائزر کام کریں گے۔اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ سہ روزہ مہم کے بعد 21 اور 22 ستمبر کو رہ جانے والے بچوں کو حفاظتی ٹیکوں کے مراکز سے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوائے جائیں گے۔ محکمہ صحت کی ٹیم گھر نہ پہنچنے کی صورت میں محکمہ صحت کے ٹال فری نمبر 080012012پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

Most Popular