سردی کے موسم میں مچھلی کی مانگ میں اضافہ ہو جاتا ہے
جاڑے کی ٹھنڈی راتوں میں کھانے پینے کی دکانوں پر رش بڑھ جاتا ہے۔ بات کی جائے اگر مچھلی کی تو شہر لاہور میں جا بجا مچھلی تیار کرنے والےان دنوں ایکشن میں نظر آتے ہیں۔ کہیں مصالحہ لگا کر مچھلی کو رکھا گیا ہے تو کہیں تیل میں فرائی کیا جارہا ہے۔ان دنوں لاہوریوں کی خاص توجہ کا مرکز بن گئی ہے گرل فش۔ جس کو نو قسم کے خشک مصالحہ جات لگا کر تیار کیا جاتا ہے۔ دہی اور مصالحوں کا آمیزہ لگاکرمچھلی کوجب سیخوں پر رکھ کر کوئلوں کی دھیمی آنچ پرپکایاجاتاہے تو اسکی بھینی بھینی خوشبو ہر کسی کی اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے۔گرل فش بنانے والوں کا کہنا ہے کہ فرائی فش کے مقابلے میں گرل فش کو تیار کرنا ایک محنت طلب کام ہے۔ گاہکوں کی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کے پیش نظر اس مچھلی کو صبح سے ہی مصالحے لگا کر اس کی تیاری شروع کر دیتے ہیں ۔لاہوری خوش خوراکی کی وجہ سے اپنا ثانی نہیں رکھتے۔ اور آج کل گرل فش کی خوشبو نے انہیں اپنا دیوانہ بنا رکھا ہے۔