نوازشریف کی سرگرمیوں کیخلاف درخواست نبٹادی گئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کو ن لیگ کے اجلاسوں کی صدارت سے روکنے سے متعلق درخواست پر درخواست گزار کو الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی ۔جمعرات کواسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو پارٹی اجلاسوں کی صدارت سے روکنے کی درخواست پر سماعت کی ۔جسٹس عامر فاروق نے قرار دیا کہ عدالت اس نوعیت کی ایک درخواست میں پہلے ہی فیصلہ صادر کرچکی ہے ۔ الیکشن کمیشن اس بارے میں ہدایت جاری کرچکی ہے ۔درخواست گزار اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو نئی درخواست دے سکتے ہیں ۔درخواستگزار نے درخواست میں موقف اختیارکیا تھا کہ نااہل شخص کسی بھی سیاسی جماعت کا سربراہ نہیں رہ سکتا ۔ نوازشریف کو پارٹی اجلاسوں کی صدارت سے روکا جائے ۔درخواست میں الیکشن کمیشن کو مسلم لیگ ن کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کا حکم دینے کی بھی استدعا کی گئی تھی۔