پاکستان سمیت دنیا بھر میں غربت کے خاتمے کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے
غربت کے خاتمے کا دن انیس سو ترانوے سے منایا جا رہا ہے۔ اس دن دنیا بھر میں غربت، محرومی اور عدم مساوات کے خاتمے، غریب عوام کی حالت زار اور ان کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے سیمیناراور خصوصی پروگرامز منعقد کئے جاتے ہیں۔ سالہا سال سے غربت کے خاتمے کیلئے کوششیں کی جاری ہیں لیکن آج بھی دنیا میں غریب افراد کی تعداد دو ارب سے زائد ہے جن کی یومیہ آمدنی دو ڈالر سے بھی کم ہے۔عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی ساٹھ فیصد آبادی خط غربت سے نیچے زندگی بسر کر رہی ہے۔ بھارت اور بنگلہ دیش میں پاکستان سے کہیں زیادہ غربت ہے۔ بھارت میں غربت کی شرح اڑسٹھ فیصد سے زائد جبکہ بنگلہ دیش میں چہتر فیصد ہے ۔ پاکستان میں بے روزگاری ، مہنگائی اور ناخواندگی سب سے بڑے مسائل ہیں۔ حکومتی دعووں کے برعکس حالیہ چند برسوں میں غربت میں کمی کے بجائے اضافہ ہی ہوا ہے۔ حکومت کو ملک سے غربت کے خاتمے اور لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے ہنگامی بنادوں پر کوششیں کرنا ہوں گی۔