شہباز شریف نے گنگا رام ہسپتال میں ڈاکٹروں کی بے حسی کا نوٹس لے لیا
گنگا رام ہسپتال کے انڈر پاس پر بچے کی پیدائش کا معاملہ،،، وزیراعلیٰ شہبازشریف نے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے وزیر صحت اور سیکریٹری صحت سے رپورٹ طلب کرلی،،، وزیراعلی پنجاب کا کہنا ہے کہ حاملہ خاتون کو ہسپتال میں داخل نہ کئے جانے کے واقعہ کی تحقیقات کر کے جامع رپورٹ پیش کی جائے اور ذمہ داروں کا تعین کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال رائے ونڈ کے بعد گنگا رام ہسپتال میں پیش آنے والا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، یہ دکھی انسانیت کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے، ذمہ داروں سے حساب لیا جائے گا۔شہباز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق ہسپتال پہنچے،، اور کارروائی کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر عبدالغفار کو فوری طور پر معطل کردیا،،، خواجہ سلمان رفیق نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ واقعہ کی انکوائری کیلئے چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔۔۔ ان کا کہنا تھا کہ جو بھی فیصلہ کریں گے حقائق پر کریں گے۔دوسری طرف واقعہ کے بعد متاثرہ خاندان کی دادرسی کیلئے تحریک انصاف کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید گنگا رام ہسپتال پہنچے اور متاثرہ خاتون اور ان کے رشتہ داروں سے ملاقات کی۔ انہوں نے واقعہ کی مکمل انکوائری اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔