کراچی میں بارش شہریوں کیلئے آفت بن گئی،ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ
کراچی سمیت سندھ بھر میں مون سون کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، شہر قائد میں شہریوں کی پریشانیاں بڑھتی جاری ہیں، ابر رحمت زحمت بن گیا، بارشوں کے باعث چھتیں، دیواریں گرنے اور کرنٹ لگنے سے واقعات پیش آئے، پنجاب چورنگی پر زیر تعمیر انڈرپاس کے اندر جمع پانی میں نہاتے ہوئے دو کمسن بچے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے، لیاقت آباد میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ منگھوپیر میں نادرن بائی پاس پر بارش کے دروان دو گاڑیوں میں تصادم کے نتیجے میں ایک نوجوان ہلاک جبکہ چار زخمی ہو گئے، کورنگی کے علاقے چکرا گوٹھ میں بارش کے باعث بجلی کے بریک ڈاؤن کے دوران گھر میں جنریٹر کا دھواں بھر جانے کے باعث خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد بے ہوش ہو گئے۔ صدر، شاہ فیصل کالونی ، حسین آباد نارتھ کراچی قلندریہ چوک اور اورنگی ٹاون میں کرنٹ لگنے سے پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے، ہاکس بے مشرف کالونی میں مکان کی چھت گرنے سے 6 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا، نارتھ کراچی سلیم سینٹر کے قریب بھی ایک شخص نالے میں ڈوب کر جان بحق ہوا.