کراچی میں بارش سے اہم شاہراہیں بھی پانی میں ڈوب گئیں
بارش کے باعث شہر کی اہم تجارتی شاہراہ آئی آئی چند ریگر سمیت کئی علاقے تاحال پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، وزارت بلدیات اور ڈی ایم سی ساؤتھ کی غفلت کے باعث اس اہم شاہراہ پر پانی کھڑا ہونے کے باعث کاروباری افراد کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا, آئی آئی چند ریگر روڈ کے علاوہ ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں سندھ سیکرٹریٹ کے اطراف اور سندھ اسمبلی کے سامنے سرکاری دفاتر کے باہر بھی پانی جمع ہوگیا، جس کے باعث سندھ کابینہ کا اجلاس وزیراعلی ہاؤس میں منعقد کرنا پڑا، شہریوں کا کہنا تھا کہ ایک جانب وزیراعلٰی کراچی میں ترقیاتی کام کرنے کے دعوے کررہے ہیں تو دوسری جانب میئر کراچی اختیارات کا رونا رو رہے ہیں ، دو بڑی سیاسی پارٹیوں کی آپس کی کھینچا تانی نے عوام کو پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے