کرکٹرز کو ملا ایسا پیغام کہ سب پریشان ہوگئے۔
اچانک وطن واپسی کے بلاوے نے قومی کرکٹرز کو پریشان کردیا، قبل ازوقت فٹنس کیمپ اور قومی ٹوئنٹی20 کپ شیڈول کیے جانے کی وجہ سے کانٹی اور کیریبیئن پریمیئر لیگ میچز چھوڑنا پڑیں گے۔چیمپئنز ٹرافی کی فتح کے بعد قومی کرکٹرز نے فارغ وقت کا مصرف ڈھونڈ لیا تھا، انگلش کانٹی میں سرفراز احمد یارکشائر، محمد عامر ایسیکس اور جنید خان لنکا شائر کی نمائندگی کررہے ہیں، ریٹائر ہونے والے شاہد آفریدی ہیمپشائر کی جانب سے ایکشن میں ہیں۔ادھر کیریبیئن پریمیئر لیگ میں10 پاکستانی کرکٹرز شریک ہیں، شعیب ملک اور وہاب ریاض بارباڈوس ٹرائیڈنٹس، سہیل تنویر اور بابر اعظم گیانا ایمزون واریئرز،عماد وسیم اور محمد سمیع جمیکا تلاواز، محمد حفیظ اور حسن علی سینٹ کٹس پیٹریاٹس، شاداب خان ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو اور کامران اکمل سینٹ لوشیا اسٹارز ٹیم میں شامل ہیں۔پی سی بی نے قومی کرکٹرز کو فٹنس ٹیسٹ اور قومی ٹوئنٹی20 ٹورنامنٹ کیلئے طلب کر لیا ہے،شعیب ملک، محمد حفیظ، وہاب ریاض، بابر اعظم، عماد وسیم، حسن علی، شعیب ملک اور شاداب خان کو20 اگست تک وطن واپس آنے کی ہدایت کردی گئی،ایک روز بعد ہی نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں فٹنس ٹیسٹ شروع ہوجائیں گے۔ قومی ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ کا آغاز25 اگست سے ہوگا۔