مالی معاوضوں کا تنازع شدت اختیارکرگیا، آسٹریلوی ٹیم کی ایشز سیریز میں شرکت مشکوک

مالی معاوضوں کا تنازع شدت اختیارکرگیا، آسٹریلوی ٹیم کی ایشز سیریز میں شرکت مشکوک

کرکٹ آسٹریلیا اور کرکٹرز ایسوسی ایشن کے درمیان مالی معاوضوں کا تنازع شدت اختیار کر گیا، ٹیسٹ ٹیم کے نائت کپتان اور مایہ ناز اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر نے بورڈ کی جانب سے دھمکی ملنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر معاملہ جلد حل نہ کیا گیا تو ٹیم انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز میں شرکت نہیں کرے گی۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدرلینڈ نے دھمکی دی تھی کہ اگر کھلاڑیوں نے معاہدے پر دستخط نہ کئے تو انہیں 30 جون کو موجودہ معاہدہ ختم ہونے کے بعد کوئی ادائیگی نہیں کی جائے گی۔ وارنر نے اپنے بیان میں کہا کہ تمام کھلاڑی متحد ہیں اور اگر بورڈ نے معاہدہ نہ کیا تو ہمارے پاس دنیا بھر میں ہونے والی ڈومیسٹک ٹی20 لیگز میں حصہ لے کر کرکٹ کھیلنے اور بہتر رقم کمانے کا موقع موجود ہے، وارنر کے اس بیان کے بعد کینگروز کی انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز میں شرکت بھی غیریقینی صورتحال کا شکار ہو گئی ہے۔ یاد رہے کہ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے کھلاڑیوں کیلئے ایک نیا ماڈل پیش کیا گیا تھا جس کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کی تجویز کے تحت صرف مرد انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے پاس کسی بھی قسم کی سرپلس آمدنی میں حصہ لینے کا موقع ہو گا جبکہ ڈومیسٹک سطح پر کھیلنے والے مرد اور خواتین کھلاڑیوں کو دونوں ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل سطح پر مقررہ آمدنی ملے گی اور نفع یا نقصان دونوں ہی صورتوں میں اس پر فرق نہیں پڑے گا۔

Most Popular