کامران اکمل کی مسلسل چوتھی ففٹی کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔
نیشنل ٹی 20کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2017ء کے گیارہویں دن پشاور ریجن کو شکست دے کر لاہور وائٹس نے سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ اس فتح میں کامران اکمل اور سلمان بٹ کی بہترین بیٹنگ کا کلیدی کردار رہا جبکہ فاٹا، راولپنڈی اور پشاور ریجن کی ٹیمیں سیمی فائنل کی ریس سے باہر ہوگئی ہیں۔ وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل ٹی 20کرکٹ میں مسلسل چار نصف سنچریاں بنانے والے پاکستان کے پہلے بیٹسمین بن گئے ۔ کامران اکمل نے قومی ٹی ٹوئنٹی میں 52،65،63 اور52 رنز کی اننگز کھیلیں۔ اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ مسلسل نصف سنچریوں کا ریکارڈ زمبابوے کے ہیملٹن مساکاڈزا اور بھارت کے وریندر سہواگ کے پاس ہے۔ دونوں نے پانچ، پانچ نصف سنچریاں سکور کیں ہیں۔ پاکستان میں پیدا ہونے والے عثمان خواجہ، سکندر رضا اور شیمان انور دیگر ملکوں میں چار لگا تار نصف سنچریاں سکور کرچکے ہیں۔ کراچی کی ٹیم سیمی فائنل میں جانے کے لئے بدھ کو فاٹا سے میچ کھیلے گی۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روزکھیلے جانیوالے پہلے میچ میں لاہور وائٹس نے پشاور ریجن کی ٹیم کو 27 رنز سے شکست دیدی۔ فیصل آباد نے پنڈی کو پانچ وکٹ سے زیر کیا ۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں گذشتہ روز پہلا میچ لاہور وائٹس اورپشاور ریجن کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں لاہور وائٹس کے کپتان سلمان بٹ نے ٹاس جیت کرخود بیٹنگ کا فیصلہ کیا، ان کا یہ فیصلہ درست ثابت ہوا۔ لاہور نے مقررہ 20اوورز میں4وکٹوں کے نقصان پر163رنز بنائے ، سلمان بٹ نے 58 گیندوں پر 14 چوکوں کی مدد سے آؤٹ ہوئے بغیر 85 رنز کی شاندار اننگ کھیلی جبکہ کامران اکمل نے 42گیندوں پر 5 چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے 52رنز بنائے ۔ پشاور ریجن کی طرف سے کامران غلام ، کاشف بھٹی اور سہیل خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ۔ جواب میں پشاور ریجن کی ٹیم 19.3اوورز میں136رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور 27رنز سے میچ ہار گئی۔ پشاور ریجن کی طرف سے نوید یاسین نے25، سیف بدر نے23 اور سہیل خان نے رنز بنائے۔ لاہور وائٹس کی طرف سے امید واصف نے26رنز کے عوض4،آ صف علی اوراحسان عادل نے بالترتیب17اور21رنز دیکردو،دوجبکہ وہاب ریاض اور بلال آصف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ لاہور کے سلمان بٹ اور عمید آصف کوان کی شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ کے ایوارڈ کا حقدار قرار دیا گیا۔ دوسرے میچ میں پنڈی نیمقررہ 20اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے، راولپنڈی کی جانب سے عمر امین نے 47 گیندوں پر 7 چوکوں اور 3 چھکوں کی مددسے 67، زین عباس نے 62 اور سہیل تنویر نے 32 رنز ناٹ آؤٹ بنائے، فیصل آباد کی جانب سے تاج، اسد رضا اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں فیصل آبادریجن کی ٹیم نے 19.5اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 199رنز بناکر میچ جیت لیا، فیصل آباد کی جانب سے صہیب مقصود نے 43گیندوں پر 9چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 87، خرم منظور نے 52ناٹ آؤٹ اور فہیم اشرف نے دھواں دھار 26رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔