کالی آندھی نے گوروں کا غرور خاک میں ملا دیا
کالی آندھی نے گوروں کا غرور خاک میں ملا دیا، لیڈز ٹیسٹ میچ مہمان ٹیم نے انگلیڈ کو ناکوں چنے چبواتے ہوئے اسکی سرزمین پر سترہ سال بعد شکست دے دی، میچ کے آخری روز ویسٹ انڈٰیز نے تین سو بائیس رنز کے ہدف کے تعاقب میں پانچ رنز بغیر کسی نقصان کے اپنی اننگز کا آغاز کیا۔ انگلینڈ کو جلد ہی پہلی کامیابی اس وقت ملی جب پاول 23 رنز بناکر اسٹیورٹ براڈ کی گینڈ پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ کائل ہوپ بغیر کھاتہ کھولے رن آؤٹ ہوگئے۔بریتھ ویٹ اور شائے ہوپ نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 144 رنز جوڑ کر جیت کی بنیاد رکھ دی۔ بریتھویٹ شاندار 95 رنز کی اننگز کھیل کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اس موقع پرشائے ہوپ نے روسٹن چیس کے ساتھ ملکر جیت کی راہ پر سفر جاری رکھا اور چار وکٹوں کے نقصان پر اسکور 246 تک پہنچا کر اپنی ٹیم کو فتح کے مزید قریب لے گئے، روسٹن چیس 30 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، نئے آنے والے بیٹسمین جرمین بلیک ووڈ نے تیز رفتار 41 رنز کی اننگز کھیل کر اسکور 320 رنز تک پہنچا دیا، تاہم فتح سے دو رنز پہلے وہ معین علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ یوں ویسٹ انڈیز نے 322 رنز کاہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا شائے ہوپ نے ناقابل شکست 118 رنز بناکر ٹیم کی جیت میں مرکزی کردار ادا کیا۔ اور مین آف دی میچ قرار پائے،سیریز کا فیصلہ کن ٹیسٹ 7ستمبر سے لارڈز لندن میں کھیلا جائے گا