ایم کیو ایم نے بااختیارعوام کے نعرے کے ساتھ انتخابی منشور کا اعلان کردیا،روزگار، صحت،تعلیم اور توانائی کے مسائل کا حل ترجیحات میں شامل.

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیوایم کے رہنما ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا ہے کہ ایک جمہوریت دوسری جمہوریت میں منتقل ہورہی ہے عوام کے حالات نہیں بدلے، مقامی حکومتوں کے اختیارات صوبوں نے واپس لے لئے ، ان کا کہنا تھا کہ سرکاری تعلیمی اداروں کو انگریزی تعلیمی اداروں کے برابرلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ریونیو بجٹ کا بیس فیصد تعلیم پرخرچ کیا جائے گا، شرح خواندگی میں اضافے کےلئے تعلیم لازمی جبکہ مدارس کوقومی تعلیمی اداروں کی صف میں شامل کیا جائے گا۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں آرٹیکل پچیس کے تحت بہتری لائیں گے۔ پیرامیڈیکل سٹاف کی تربیت کےلئے بہترادارے قائم کئے جائیں گے،انہوں نے کہا کہ مہنگی ادویات کی قیمتوں میں ڈیوٹی ختم کرکے قیمتیں کم کی جائیں گی، فاروق ستار نے کہا کہ پٹرول، بجلی،گیس کے نرخ کم کرکےغربت پرقابوپایا جائے گا۔ سرکلرڈیٹ ختم کرکےبجلی کےاسی فیصد بحران پرقابو پائیں گے۔ فاروق ستار نے نوجوانوں کو صنعتوں کے قیام کے لئے قرضے فراہم کرنے کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو اپنے پیروں میں کھڑا کردیا تو پاکستان بھی کھڑا ہوجائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت عوام کوبااختیاربنانے میں ہے،پانچ سالوں میں صوبوں کوکچھ حد تک صوبائی خودمختاری دی گئی، جمہوریت قائم رہی مگر گراس روس روٹ لیول پر جمہوریت کا نام ہی نہیں.