ملک کے مختلف شہروں میں آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائیوں میں متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا

پشاور کے علاقے ریگی اور چمکنی میں پولیس نے سرچ آپریشن میں اڑتالیس مشتبہ افراد کو گرفتارکرلیا۔ گرفتار افراد کے قبضہ سے اسلحہ اور منشیات برآمد کی گئی ہے۔ لودھراں کے علاقہ بستی محبت والامیں سرچ آپریشن کے دوران تیرہ مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار افراد میں کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے بھی شامل ہیں۔ منکیرہ میں تھانا حیدر تھل کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران دو اشتہاریوں سمیت تیرہ مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ چنیوٹ میں پولیس نے ضلع کےمختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران ایک سو بتیس افراد کی بائیو میٹرک تصدیق کی گئی۔ حافظ آباد کسوکی بائی پاس کےقریب سرچ آپریشن میں دو افغان باشندے گرفتار کرلئے گئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کےخلاف فارن ایکٹ کےتحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔