سندھ حکومت نے آئی جی سندھ کی خدمات وفاق کو سپرد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
سندھ حکومت کی جانب سے آئی جی سندھ اللہ ڈنو خواجہ کی خدمات وفاق کے سپرد کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا۔ آئی جی سندھ کی خدمات وفاق کو سپرد کرنے کے حوالے سے سندھ حکومت کی جانب سے وفاق کو بھیجھے گئے خط کی کاپی وقت نیوز نے حاصل کرلی ہے۔
نئے آئی جی سندھ کے لئے تین ناموں کی سمری وفاق کو ارسال کردی گئی ہے۔ سمری میں سردار عبدالمجید دستی ، غلام قادر تھیبو، اور خادم حسین بھٹی کے نام تجویز کئے گئے ہیں۔ سردار عبدالمجید دستی اس وقت اے آئی جی ریسرچ ، ڈیولپمنٹ، اینڈ اسپیکشن کے عہدے پر تعینات ہیں جبکہ خادم حسین بھٹی ایڈیشنل آئی جی ٹریفک کے عہدے پر تعینات ہیں۔ غلام قادر تھیبو چیئر مین اینٹی کرپشن ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین انٹی کرپشن غلام قادر تھیبو آئی جی سندھ کے لئے مضبوط انتخاب ہیں۔