پنجاب کے 11 سیاحتی مقامات کے انتظامی سروے شروع
ٹوآرزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب روہڑی صاحب، سچا سودا اور ننکانہ میں گردواروں سمیت مختلف مذہبی اور سیاحتی مقامات کی پنجاب ٹورآرزم فار اکنامک گروتھ منصوبے کے تحت تعمیر نو اور بحالی کا کام کررہا ہے. یہ بات مذہبی سیاحت کے فروغ سے متعلقہ اجلاس کے دوران بتائی گئی جس کی صدارت سیکرٹری سیاحت احسان بھٹہ نے کی. ایڈیشنل سیکرٹری سیاحت ، ڈپٹی سیکرٹری مذہبی امور، ڈپٹی ڈائریکٹر متروکہ وقف املاک بورڈ ، ڈائریکٹر والڈ سٹی اتھارٹی، سینیئر چیف پی اینڈ ڈی، ڈائریکٹر آرکیالوجی اور منصوبے سے متعلقہ دیگر افسران بھی موجود تھے. اجلاس کو بتایا گیا کہ یہ منصوبہ کٹاس راج، خواجہ غلام فرید، قلعہ کوہنہ، ٹیکسلا میوزیم، دربار خواجہ غلام فرید اور قاسم باغ سمیت 11 سیاحتی مقامات کے انتظامی سروے سے شروع کیا گیا تھا. اس کے تحت 83 کروڑ روپے کی لاگت سے 34 کلومیٹر سڑکوں کی بحالی کا کام بھی کیا جارہا ہے. ڈایریکٹر والڈ سٹی نے اجلاس کو بتایا کہ اتھارٹی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت لاہور میں مسجد کی بحالی کا کام کررہی ہے. ڈایریکٹر آرکیالوجی نے ٹیکسلا اور بدھ مت علاقوں کی بحالی کے کام پر روشنی ڈالی. ڈپٹی ڈائریکٹر متروکہ وقف املاک بورڈ نےگردواروں تلہ جوگیاں، بھائی کرم سنگھ، چواء صاحب اور متہ کوئی صاحب کی بحالی کے لئے امریکن این جی او کے تعاون سے کئے گئے کام سے آگاہ کیا. انہوں نے بتایا کہ بورڈ براڈ لاء ہال کی بحالی اور کرتارپور میں ڈومیسٹک سیاحت کے فروغ کے لئے محکمہ سیاحت سے معاہدہ کرنے کے حتمی مراحل میں ہے. سیکرٹری سیاحت احسان بھٹہ نے تمام افسران کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں تمام منصوبے وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت کی. انہوں نے تمام محکموں کا کام کے دوران معیار اور شفافیت کو برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی.