بھارت کے ساتھ تجارت کشمیر کی قیمت پر نہیں ہوگی: وفاقی وزیر فواد چوہدری
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارت کے ساتھ تجارت کشمیر کی قیمت پر نہیں ہوگی، ہم تجارت چاہتے ہیں لیکن بھارت پہلے 5 اگست سے پہلے کی پوزیشن پر جائے۔اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کابینہ نے بھارت کے ساتھ چینی کپاس کی درآمد کی منظوری نہیں دی، بھارت کے ساتھ تجارت کشمیرکی قیمت پر نہیں ہوسکتی۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم تجارت چاہتے ہیں لیکن بھارت پہلے 5 اگست سے پہلے کی پوزیشن پر جائے،23 مارچ کے بھارتی وزیر اعظم کے خط کا جواب دیا گیا ہے،کشمیر کا سوداکرنے کی کسی کی جرات نہیں ، عمران خان کے ہوتے ہوئے کشمیرکا سودا کوئی نہیں کر سکتا۔کورونا وائرس کے حوالے سے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کورونا کی 2 لہروں کا کامیابی کے ساتھ مقابلہ کیا،کوشش کررہے ہیں کہ کورونا کی تیسری لہر کا بھی بھرپور طریقے سے مقابلہ کیا جائے۔