حکومت آئین پر حملہ آور، چیف جسٹس اور عدلیہ کا ساتھ دیں گے، شاہ محمود قریشی

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت آئین پر حملہ آور ہے، آئین پر عمل نہ کیا گیا تو ملک کو بہت نقصان ہوگا، پی ٹی آئی چیف جسٹس اور عدلیہ کا ساتھ دے گی، دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی رابطے کر رہے ہیں۔ چیئرمین مجلس وحدت مسلمین علامہ ناصر عباس کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے 8 اکتوبر کی تاریخ دے کر آئین سے ماورا کام کیا، حکومت کے پاس لیپ ٹاپ، اپنے ایم این ایز کے لیے پیسے ہیں، حکومت کے پاس الیکشن کے لیے 20 ارب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل نوازشریف نے پریس کانفرنس میں عدالتی فیصلہ قبول نہ کرنے کی دھمکی دی، نوازشریف نے آئین شکنی کی، موجودہ صورتحال میں ہم نے دیگر جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر"اسٹینڈنگ ود چیف جسٹس" نمبر ون ٹرینڈ چل رہا ہے، چیف جسٹس کے ساتھ لوگ یکجہتی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، پی ٹی آئی چیف جسٹس اور عدلیہ کا ساتھ دے گی۔