عمران خان نے شوکت خانم ہپستال کو ملنے والی امدادی رقوم منی لانڈرنگ کے ذریعے لندن منتقل کیں۔ مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف
پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ہمیشہ دوسروں پر الزامات عائد کرتے آئے ہیں تاہم اب مسلم لیگ نون نے ان کا اصل چہرہ عوام کے سامنے لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نون لیگی رہنما نے الزام عائد کیا کہ عمران خان نے شوکت خانم ہسپتال کو ملنے والی امدادی رقوم کو نہ صرف منی لانڈرنگ کے ذریعے لندن منتقل کیا بلکہ غریبوں کے لئے ملنے والے صدقات کو ریئل اسٹیٹ کے کاروبار میں لگا کر سٹہ بھی کھیلا۔ ان کا کہنا تھا کہ شوکت خانم کینسر ہسپتال کی سالانہ آڈٹ رپورٹ سے ثابت ہوگیا ہے کہ عمران خان ہر سال چندہ، خیرات اورعطیات کی مد میں جمع ہونے والی رقوم کو کاروبار میں لگادیتے ہیں،یہ سرمایہ کاری سمندرپار دو مختلف کمپنیوں کے ذریعے کی جاتی ہے، یہ کمپنیاں اب فائدے کے بجائے نقصان میں جارہی ہیں جن کے مالکان شوکت خانم ہسپتال کے بورڈ آف ٹرسٹ کے ممبران ہیں جبکہ دیگر چار بین الاقوامی اداروں کو بھی پینتالیس لاکھ امریکی ڈالر اسی مقصد کے لئے دیئے گئے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے اس کام میں ڈبل شاہ سے بھی آگے نکل چکے ہیں، انہوں نے الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف کے چیئرمن نے عوام کی رقم اپنے قریبی ساتھی امتیاز صفدر وڑائچ کی جیب میں ڈال دی جنہوں نے اسے سنی بارانٹرنیشنل نامی کمپنی میں لگادیا جبکہ صدر زرداری نے بھی اسی طرح کی ایک کمپنی کے ذریعے سرے محل خریدا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون اس معاملے کو وقت آنے پر عدالتوں میں بھی چینلج کرے گی۔