نون لیگی رہنما نے رمضان المبارک میں عطیات روکنے کے لئے ڈرامہ کیا۔نواز شریف مجھ پر ایک پیسے کی چوری کا الزام لگائیں، میں انہیں عدالت لے جاؤنگا۔ عمران خان
مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف کی جانب سےالزامات کے جواب میں پریس کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئےعمران خان کا کہنا تھا کہ حنیف عباسی نے الزام لگایا کہ شوکت خانم کے بورڈ آف گورنرز کے اراکین پیسے لیتے ہیں جس پر ہم نے ان کے خلاف کیس کیا جو ابھی عدالت میں چل رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سیاست چمکانے کیلئے الزامات لگانے والے تھوڑی سی تحقیق کرلیتےتو بہتر ہوتا، شوکت خانم ہسپتال عمران خان کا ذاتی ہسپتال نہیں، یہ پاکستان کا سرمایہ ہے لیکن مسلم لیگ نون اقتدار کے لئے ملک کو نقصان پہنچانے کے لئے بھی تیار ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف نے جس رقم کے حوالے سے الزامات عائد کئے ہیں وہ ہماری بیلنس شیٹ میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈومنٹ فنڈ کامقصد ہی یہی ہوتا ہے کہ اس سے سرمایہ کاری کی جائے اور اسی سرمایہ کاری کی رقم سے ادارے چلائے جاتے ہیں۔ شوکت خانم ہسپتال میں بھی انڈومنٹ کا الگ شعبہ قائم ہے جس میں عمران خان شامل نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہسپتال کے فنڈز کی کوئی رقم باہر نہیں گئی بلکہ وہ باہر سے آئی تھی اور جس کمپنی میں سرمایہ کاری کی گئی وہ کمپنی امتیاز حیدری کی ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارا تیس لاکھ ڈالر گارننٹڈ ہے جس کے دستاویزی ثبوت بھی موجود ہیں اور وہ پیسہ ہمیں واپس ملے گا، کمپنی کے نقصان سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔ عمران خان نے کہا کہ رائے ونڈ میں قوم کا بھاری پیسہ خرچ ہورہا ہے، نواز شریف مجھ پر ایک پیسے کی چوری کا الزام لگائیں میں انہیں عدالت لے جاؤنگا۔ میں نواز شریف پر اربوں کی منی لانڈرنگ کا الزام لگاتا ہوں، اگر وہ بے گناہ ہیں تو مجھے عدالت لے جائیں،خواجہ آصف نے رمضان المبارک میں ملنے والے عطیات روکنے کے لئے الزامات کا ڈرامہ رچایا ہے۔ ایک سوال کےجواب میں انہوں نے کہا کہ ان کی کوئی جائیداد یا بینک اکاؤنٹ ملک سے باہر نہیں،نواز شریف اور زرداری میں کوئی فرق نہیں لہذا ان میں سے کسی کے ساتھ بھی اتحاد نہیں ہوسکتا۔