چین کا دشمن پاکستان کا دشمن ہے،اقتصادی راہداری کیخلاف سازشوں کو کچل دیا جائے گا: راحیل شریف
اسلام آباد میں پیپلز لبریشن آرمی کی اٹھاسی ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاک چین دوستی شہد سے میٹھی، ہمالیہ سے اونچی اور سمندر سے گہری ہے۔ پاکستان اور چین کا دشمن ایک ہے۔ آزمائش کی اس گھڑی میں پاک چین دوستی مزید بڑھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی نے سٹرٹیجک تعلقات کی بنیاد رکھی۔ چین کی پیپلز لبریشن آرمی دنیا کی بہترین فوج ہے۔ پاکستان اور چین کی مسلح افواج کے درمیان مستحکم تعلقات ہیں۔ ہمیں غیر مستحکم کرنے والی قوتوں کو شکست ہو گی۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے۔ اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ممالک کی مضبوطی کا اہم ثبوت ہے، اس کی تکمیل سے آنے والی نسلوں کو فائدہ ہو گا، منصوبے کے خلاف کسی بھی سازش کو پوری طاقت سے کچل دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے پر تعاون پورے خطے کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا اور ہم دونوں قوموں کو ترقی کرتا دیکھیں گے۔۔ جنرل راحیل شریف نے پیپلزلبریشن آرمی کی اٹھاسی ویں سالگرہ پر چینی عوام اور فوج کو مبارکباد دی۔