اپنے مخصوص انداز کے ذریعے لوگوں میں خوشیاں بانٹنے والے معروف مزاحیہ اداکار فرید خان کراچی میں انتقال کر گئے
معروف مزاحیہ اداکار فرید خان آج صبح کراچی کے نجی اسپتال میں کینسر کے موذی مرض سے جنگ لڑتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے۔ فرید خان کافی عرصے سے جبڑے کے کینسر اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔ فرید خان کی نماز جنازہ آج بعداز نمازعصر گلستان جوہر بلاک ڈی کی مسجد میں ادا کی جائے گی۔ فرید خان نے اپنی مزاحیہ اداکاری سے زندگی بھر مسکراہٹیں بکھیریں مگر جاتے جاتے لاکھوں مداحوں کو سوگوار کر گئے۔ فرید خان کے کینسر سے نجات کیلئے چار آپریشن بھی ہوئے تاہم وہ صحت یاب نہ ہو سکے۔ کامیڈین فرید خان کافی عرصہ تک ٹی وی سے منسلک رہے اور متعدد پروگرامات کئے۔ وہ نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے۔ فرید خان نے اپنی زندگی کے آخری ایام انتہائی کسمپرسی میں گزارے۔