بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر پی ٹی آئی کا سعید غنی سے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ
پاکستان تحریک انصاف نے بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی سے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کردیا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا کہ کراچی میں بارشوں نے سندھ حکومت کی کارکردگی کو بے نقاب کردیا ہے۔ خادم اعلیٰ کی طرح بوٹ پہن کر پانی میں کھڑے ہونے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، اس کیلئے عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔ علی زیدی نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کا حلقہ 104 سعید غنی کا اپنا حلقہ ہے لیکن وہاں پر کچرے کا حال سب کے سامنے ہے۔ سعید غنی وزیر بلدیات ہیں لیکن نالوں کی صفائی نہیں کی گئی۔ گلستان جوہر کے نالے بھی ہم نے صاف کیے اس لیے وہاں پانی کھڑا نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے میئر کراچی کی مدد نہیں کی، اس لیے وفاقی حکومت کو خط لکھا۔ دو روز سے وزیر بلدیات سندھ سعید غنی رنگ برنگی جیکٹس پہن کر گھوم رہے ہیں۔ اگر اس طرح گھومنے سے مسائل حل ہوں گے تو پھر وہ گھومتے رہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گھوٹکی سے کراچی تک سمندر کو کچرے سے تباہ کردیا گیا ہے اور اگر سمندر کا یہی حال رہا تو کوئی بھی جہاز باہر سے نہیں آئے گا۔ علی زیدی نے کہا کہ سعید غنی کارکردگی دکھانے میں ناکام ہو گئے ہیں اس لیے وہ بلدیات اسے استعفیٰ دے کر کوئی اور وزارت لے لیں۔ وفاقی حکومت کراچی کو اکیلا نہیں چھوڑے گی، کراچی کے شہریوں کے ساتھ مل کر کچرے کو اٹھائیں گے اور ایک دفعہ کراچی سے کچرا صاف کر کے دکھائیں گے