بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے بارش کا نیا سسٹم ملک میں داخل، اسلام آباد میں موسلادھار بارش
بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون کا نیا سسٹم ملک میں داخل ہونے سے اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آچکے ہیں۔ مری، گلیات، ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ اور مردان میں بھی موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، بارشوں سے برساتی اور پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی آگئی جبکہ لینڈسلائیڈنگ کی بھی اطلاعات ہیں۔ اٹک، جہلم، سیالکوٹ، گجرنوالہ، گجرات اور چکوال میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہورہی ہے، راولا کوٹ باغ، کوٹلی، میرپور، منگلا سمیت آزاد کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے اگلے دوروز کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں مزیدبارش کی پیشگوئی کردی، ہزارہ، پشاور، مالاکنڈ، کوہاٹ، بنوں اور کشمیر میں بھی بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔