جڑواں شہروں سمیت ملک بھر میں طوفانی مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری
مون سون ہوائیں بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو گئیں ، اس دوران جڑواں شہروں سمیت بیشتر علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائوں کا ایک سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں پر موجود رہے گا۔راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا ، اب تک جڑواں شہروں میں 109ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ۔دوسری طرف شدید بارشوں سے نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 15فٹ جبکہ گوالمنڈی میں سطح آب 13فٹ تک پہنچ گئی۔ راولپنڈی میں کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے ، ندیم کالونی، جاوید کالونی، ڈھوک کالا خان شکریال، صادق آباد میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہزارہ، پشاور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر میں اکثر مقامات پر جبکہ مالاکنڈ، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، ژوب، ملتان، ڈی جی خان ڈویژن اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیزہوائوں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اس دوران ہزارہ، مالاکنڈ، راولپنڈی،گوجرانوالہ، ڈی جی خان ڈویژن،اسلام آباد اور کشمیر میں موسلادھار بارش کے باعث مقامی دریا ئوں اوربرساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔پشاور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن کے نشیبی علاقے زیر آب آنیکا بھی امکان ہے۔تیز بارشوں کے باعث ہزارہ، مالاکنڈ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہجمعہ تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔