بلوچستان میں بارش اور سیلاب سے تباہی، اموات کی تعداد 127 تک پہنچ گئی
کوئٹہ: بلوچستان میں بارش اور سیلاب نے تباہی مچادی، جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 127 تک پہنچ گئی جبکہ 13 ہزار سے زائد مکانات اور لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں بھی تباہ ہوگئیں۔بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہی کی تفصیلات نے سب کو دہلا کر رکھ دیا، سیلابی ریلوں نے صوبے میں بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا اب تک سرکاری سطح پر 127 اموات کی تصدیق کی گئی ہے۔درجنوں گاؤں دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے، لوگ گھر اور مال مویشی سے محروم ہوچکے ہیں، سیلابی ریلوں سے سڑکیں اور پل بہہ گئے۔پل ٹوٹنے سے بلوچستان کا ملک کے دیگر حصوں سے زمینی رابطہ بھی کٹ گیا، کراچی کو حب سے ملانے والا حب ندی کا پل اس کی ایک مثال ہے، کراچی سے خضدار اور کوئٹہ کا رابطہ 6 دن بعد بھی بحال نہ ہوسکا۔