پاکستان میں کورونا کے کیسز میں اضافہ،161مریضوں کی حالت تشویشناک
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔ قومی ادارہ صحت کے مطابق ملک میں کورونا وائرس ایک بار پھر سر اٹھانے لگا ، ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید ایک مریض انتقال کرگیا جبکہ 656 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔ ملک میں گزشتہ24گھنٹوں میں کورونا کے 19ہزار611ٹیسٹ کیے گئے ہیں ۔ قومی ادارہ صحت کے مطابق ملک میں کوروناکےمثبت کیسزکی شرح 3.35فیصدرہی جبکہ کوروناکے161مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ دوسری جانب پاکستان میں کورونا وبا کے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہونے کے سبب ہوائی سفر، پبلک ٹرانسپورٹ میں ماسک لگانے کی پابندی دوبارہ عائد کر دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان میں گزشتہ چند ماہ میں کووڈ کیسز کی شرح انتہائی کم رہی، جس کی وجہ سے کورونا وبا کے دوران لگائی گئی تمام پابندیاں بھی ہٹا دی گئی تھیں۔ ملک میں ایک بار پھر کورونا کیسز کی شرح میں اضافے کے بعد قومی ادارۂ صحت (این آئی ایچ) نے شہریوں کو ماسک کا استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ پاکستان میں ایک ماہ پہلے کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 79 تھی اور اس دوران کوئی اموات بھی رپورٹ نہیں ہوئی تھیں۔ قومی ادارہ صحت کے مطابق ملک میں ویکسینیشن کے اہل عوام کو کووڈ 19 کے خلاف مکمل ویکسین بھی لگا دی گئی ہے ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز کے مطابق 2020ء میں اس وبائی مرض کے پھیلاؤ کے بعد سے رواں سال مارچ میں کیسز کی تعداد کم ترین سطح پر تھی لیکن اب ان کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سامنے آیا تھا۔