باجوڑ دھماکہ: اقوام متحدہ کی بھی شدید الفاظ میں مذمت

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے باجوڑدھماکے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے ہرقسم اور شکل کی دہشتگردی عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیدیا۔اقوام متحدہ کی کونسل کی جانب سے جاری اعلامیہ میں باجوڑ دھماکے میں حکومت پاکستان اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہرقسم اور شکل کی دہشتگردی عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ سیکیورٹی کونسل نے تمام متعلقہ ممالک سے باجوڑ واقعے کے مجرمان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ واقعہ میں ملوث تمام کرداروں، مالی معاونوں اور سہولت کاروں کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہیے۔اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل نے کہا کہ تمام متعلقہ ممالک بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریوں کے مطابق مجرمان کو کیفرِ کردار تک پہنچانے میں حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون کریں۔