سپریم کورٹ بار کے سابق صدر سینیٹر چودھری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ عمران خان کا قطعی ناکام ہونا اور ،، عمران خان کی باتوں میں سچائی ہے، اسے تھوڑی کامیابی ملنا چاہیے
لاہور ہائیکورٹ بار میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری اعتزاز احسن نے کہا کہ حکومت کے پاؤں مستحکم ہوتے ہی اس کے وزراء رعونت پر اتر آتے ہیں۔ جمہوریت کی بہتری کے لئے حکومت کا تھوڑا غیر مستحکم رہنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا پلان اے اور بی ناکام ہو گیا۔ ان کے اردگرد کھڑے لیڈروں نے سول نافرمانی کر کے بل نہیں جلائے۔ پلان سی کے تحت چار دسمبر کے بعد پتہ چلے گا کہ سولہ دسمبر کو کیا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے لئے مشکل اہداف چنتے ہیں اور بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں، ایسا لگتا ہے کہ وہ شیخ رشید کی جلاؤ گھیراؤ کی باتوں میں آ جاتے ہیں۔ اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ عمران خان کے جلسوں کی تعداد سے کام بنتا نظر نہیں آ رہاان کی اپنی حکمت عملی مقاصد کے حصول کی نفی کر رہی ہے۔ پیپلز پارٹی نوازشریف کی کرپشن، وزراء کی رعونت اور خاندانی سیاست کے خلاف ہے۔ لشکری مرحلے کے بعد پیپلز پارٹی پارلیمنٹ میں موثر اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی۔